اقبال صادق : ڈی جی خان میں سرحدی گاؤں جوتر کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 انتہائی خطرناک دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ جوتر کے قریب فتنہ الخوارج کے 15 کے قریب دہشت گرد موجود ہیں۔ دہشت گرد پولیس چوکیوں اور دیگر اداروں کی تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور دہشت گردوں کے ساتھ شدید مقابلہ ہوا ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 4 انتہائی خطرناک دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ 11 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے رائفلیں، گولیاں، بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد ہوا ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی ٹیموں نے جوتر اور گردونواح کے علاقوں کی ناکہ بندی کر دی۔ سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی سے دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ۔ دہشت گرد پولیس اور دیگر اداروں پر بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔