ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست اور وزارت قانون و انصاف کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی خدمات ڈپوٹیشن کی بنیاد پر وفاقی حکومت کے سپرد کر دی ہیں۔
رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/او ایس ڈی سیشن کورٹ لاہور، سردار محمد اقبال ڈوگر کو سپیشل کورٹ برائے کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز (CNS) لاہور کا جج تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ موجودہ اسامی کے خلاف اپنی ریٹائرمنٹ یا آئندہ احکامات تک خدمات انجام دیں گے۔اسی طرح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج/او ایس ڈی سیشن کورٹ لاہور، محمد نعیم شیخ کو سپیشل کورٹ کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ-II (CT&AS-II) لاہور کا جج مقرر کیا گیا ہے۔ وہ بھی اپنی ریٹائرمنٹ یا آئندہ احکامات تک مذکورہ عدالت میں فرائض سرانجام دیں گے۔لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں دونوں افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 10 جون 2026ء تک یا اس سے قبل اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرریاں وفاقی وزارت قانون و انصاف، اسلام آباد کی جانب سے 4 جون 2026ء کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہیں۔ تقرریوں کا مقصد وفاقی سطح پر خصوصی عدالتوں میں تجربہ کار عدالتی افسران کی خدمات حاصل کرنا اور اہم نوعیت کے مقدمات کی موثر سماعت کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے کی نقول سپریم کورٹ آف پاکستان، وفاقی آئینی عدالت، وفاقی شرعی عدالت، اسلام آباد ہائیکورٹ، وفاقی اور صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں، تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
قانونی حلقوں کے مطابق دونوں افسران عدالتی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی تعیناتی سے وفاقی خصوصی عدالتوں کی کارکردگی مزید مؤثر ہونے کی توقع ہے۔