علی رامے :حکومت نے معاشی اصلاحات اور ترقیاتی اہداف کے لیے پنجاب گروتھ اسٹریٹجی پلان (PGS 2026-31) کا نیا ماڈل تیار کر لیا ہے، جس میں آئندہ برسوں کی معاشی سمت اور اہم اشاریئے واضح کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس نئے پلان کے تحت نیا بجٹ، ترقیاتی حکمت عملی اور مجموعی معاشی فریم ورک اسی ماڈل کے مطابق ترتیب دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صوبے کی معاشی گروتھ کو تیز کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے میں سرمایہ کاری، صنعت اور روزگار کے فروغ پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے، جبکہ نجی سرمایہ کاری کو معاشی ترقی کا مرکزی ستون قرار دیا گیا ہے۔
پلان کے مطابق حکومت بینک کریڈٹ کی فراہمی، زرعی سپورٹ اور ترقیاتی اخراجات میں اضافے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ معیشت میں بہتری لائی جا سکے۔
دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ مہنگی بجلی اور گیس صنعتی پیداوار میں کمی کا باعث بن رہی ہیں، جبکہ توانائی ٹیرف میں اضافہ بھی صنعتی سرگرمیوں کو متاثر کر رہا ہے۔
ماڈل میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پنجاب کی صنعتی ترقی کے لیے سستی توانائی ناگزیر ہے، بصورت دیگر پیداواری لاگت میں اضافہ معیشت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
اسی طرح زرعی شعبے کی پیداوار اور قیمتوں کے استحکام پر بھی خصوصی کام کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ترقیاتی اخراجات کو سروس سیکٹر کی گروتھ سے منسلک کرنے کا بھی منصوبہ شامل ہے۔
حکام کے مطابق یہ نیا ماڈل آئندہ مالی سال کی معاشی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔