علی ساہی: پنجاب میں سیف سٹیز پراجیکٹ کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق 43 شہروں میں نصب کیے گئے کیمرے اب سیف سٹیز ہیڈکوارٹر کے مرکزی نظام سے منسلک کر دیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 17 ہزار کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو کرائم کنٹرول اور ای چالاننگ کے نظام میں مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
پروجیکٹ کی بنیاد نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دور میں رکھی گئی تھی، جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے دور میں تمام اضلاع میں اس منصوبے کی تکمیل کی گئی ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق منصوبے کا اگلا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت 98 تحصیلوں میں 10 ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس مرحلے میں کیمروں کی تنصیب نسبتاً کم اخراجات میں مکمل کی جائے گی، جس سے تقریباً 50 فیصد لاگت میں کمی آئے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آخری مرحلے میں یونین کونسل سطح پر بھی کیمروں کی تنصیب مکمل کی جائے گی تاکہ نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق پنجاب بھر میں پرائیویٹ کیمروں کو بھی سیف سٹیز نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں بہتری آئے گی بلکہ ٹریفک مینجمنٹ اور ای چالاننگ سسٹم بھی مزید مؤثر ہوگا۔