( ملک اشرف ) باغبانپورہ میں بارہ کروڑ 19 لاکھ روپے کی گیس چوری کے مقدمہ میں ملوث دو بھائیوں کی درخواست ضمانت پر سماعت، ہائیکورٹ نے ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کردی، پولیس کی ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش جبکہ وکلاء نے ہاتھا پائی کرکے ملزمان فرار کرادیئے۔
ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے ملزمان میاں ہارون ریاض لکی اور اس کے بھائی سیلمان ریاض کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ باغباپورہ نے سوئی حکام کی مدعیت میں سرتاج آئس اینڈ سٹیل مل میں گیس چوری کا مقدمہ درج کیا۔ محکمہ سوئی گیس نے گیس چوری کا 12 کروڑ 19 لاکھ روپے کا ڈیٹیکشن بل بھی ڈالا۔
وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ فیکٹری کو کرائے پر دے رکھا ہے، بےبنیاد گیس چوری کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان بے قصور ہیں، استدعا ہے کہ عبوری درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ محکمہ سوئی گیس کے لیگل ایڈوائزر رانا ضیاء الاسلام مننج ایڈووکیٹ نے خواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے نام پرگیس کا کنکشن ہے، ملزمان 2015 میں بھی چوری میں ملوث رہے اور عادی گیس چور ہیں۔ ملزمان نے بارہ کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد رقم کی گیس چوری کی۔
مقدمے سے بچنے کے لیے ملزمان نے جعلی کرایہ نامہ تیار کیا، پولیس تفتیش میں کرایہ نامہ بوگس ثابت ہوا۔ لیگل ایڈوائزر سوئی گیس نے استدعا کی کہ ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کی جائے۔