( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات، سردارعثمان بزدار کہتے ہیں، مسلم لیگ ق ہماری اتحادی جماعت ہےاور ساتھ لیکر چلیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چودھری پرویز الہٰی نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور بجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پر اتفاق کیا گیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعلیٰ آفس آمد: وزیراعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar سے ملاقات۔
— Government of Punjab (@GOPunjabPK) June 8, 2020
کورونا وائرس، فلاح عامہ کے اقدامات اور پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال۔
بجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پر اتفاق۔ pic.twitter.com/vlLEBbO9xH
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اسمبلی کارروائی بطریق احسن چلانے، گستاخانہ کتابوں پر پابندی کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویزالہٰی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے پہلے بھی ایک تھے، آئندہ بھی اکٹھے رہیں گے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایجنڈا ہے نہ کورونا وائرس سے نمٹنے کا کوئی پروگرام ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں۔ ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہے، ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے اور ہم ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔