سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ پہاڑی علاقوں، شمال مشرقی پنجاب میں شدید سردی جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
شہر لاہور میں موسم سرد اورخشک ،سورج کرنیں بکھیرنے لگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔لاہور آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیاہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 186 ریکارڈ کی گئی ہے، امریکی قونصلیٹ 356،فیز8ڈی ایچ اے میں شرح 245ریکارڈ، اڈا پلاٹ 236،جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 230ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی میں سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شمالی سمت سے ہلکی ہوا چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 9 جنوری سے سردی کی شدت میں کمی متوقع ہے، کیونکہ مغربی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہوں گی، جس سے کراچی میں سردی میں کمی آئے گی تاہم، 12 جنوری سے سردی کی شدت میں دوبارہ اضافے کا امکان ہے۔کراچی کا فضائی معیار مضر صحت ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی کا تیسرہ نمبر ہے جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 184 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
مانسہرہ شہر اور بالائی علاقوں میں شدید سردی کی شدت برقرار ہے۔ مانسہرہ ناران میں درجہ حرارت منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، کاغان میں منفی 14 اور شوگران میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ مانسہرہ کے شہری علاقوں میں بھی درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔انتظامیہ نے برفباری کے باعث بند ہونے والے شوگران روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے، جس کے بعد سیاح شوگران اور کاغان تک سفر کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدیددُھند چھائے رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر ، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار اوربالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کہر ا پڑنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شدید سردی اور کہرا پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، اور مری، گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شدید سرد اور خشک موسم کا امکان ہے۔