اسرائیل نے شمالی غزہ میں حماس کے خاتمہ کا اعلان کر دیا

Gaza, Hamas, Israel, IDF, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: اسرائیل کی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کا فوجی نیٹ ورک مکمل تباہ کرنے کا  اعلان کر دیا اور شمالی غزہ میں بڑی جنگی کارروائیاں روکنے کا اشارہ دے دیا۔

 اسرائیل کی فوج کے  ترجمان نے بتایاہے کہ اسرائیل نے غزہ کے شمالی علاقہ میں حماس کا نیٹ ورک مکمل تباہ کردیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے حماس اور اسلامک جہاد کے  تقریباً 8 ہزار  جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے بعد اب شمالی غزہ میں حماس کے ملٹری فریم ورک کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے جس کے بعد اس علاقہ میں بڑی جنگی کارروائیاں ختم ہوسکتی ہیں۔ دوسری جانب حماس کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کے بیس کے لگ بھگ مقامات پر حملوں مین اغوا کئے گئے شہریوں مین سے 129 اب بھی حماس کی قید میں ہیں۔


دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے خان یونس میں حماس کے کارکنوں کی تلاش مین جنگی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ خان یونس میں ایک مکان پر  حملے میں  17 فلسطینی شہیدہوئے جبکہ رفح کے شمال میں بھی ایک گھر پر بمباری کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں فلسطینی اولمپک فٹ بال ٹیم کے کوچ بھی شہید ہوگئے۔فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن نے ہانی المصدر کی موت کو بڑا نقصان قرار دیا۔

7 اکتوبر سے اب تک 67 فٹبالرز سمیت 88 کھلاڑیوں کے علاوہ 24 منتظمین مارے جاچکے ہیں۔


اتوار کے روز یہ خبر بھی آئی کہ رفح کے نزدیک ایک گاڑی پر اسرائیلی میزائل حملے میں الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کا بیٹا حمزہ ساتھی صحافی سمیت شہید ہوگیا۔ وائل الدحدوح کی اہلیہ، بیٹا، بیٹی اور نواسا بھی اکتوبر میں اسرائیلی بمباری میں شہید ہوچکے ہیں۔ 
دوسری جانب مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیل کے  ڈرون حملے میں7 فلسطینی شہیدہوگئے،ڈرون حملے میں سڑک پر موجود افراد کو نشانہ بنایا گیا،مرنے والوں میں چارسگے بھائی تھے۔

حزب اللہ کے شمالی اسرائیل پر حملے 
لبنان کی شیعہ تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل پر  راکٹوں کے حملے کیے، جبل ہرمون کے اسرائیلی فضائی اڈے پر 62 راکٹ داغے جس کے بعد اسرائیلی علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔

جواب میں اسرائیل نے حزب اللہ کے بیش تر راکٹ راستے میں انٹرسیپٹ کرنے کا دعویٰ کیا۔