ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارش اور برفباری, محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

بارش اور برفباری, محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسمی حالات سے متعلق نئی پیش گوئی کر دی، آج  سے ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ داخل ہو جائے گا، جو 9 فروری کو بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس کے نتیجے میں آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد میں سرد اور خشک موسم برقرار رہنے کے ساتھ کراچی میں گرمی اور فضائی آلودگی میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 اور 9 فروری کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، سبی، لورالائی، خضدار، کیچ، گوادر، پنجگور اور آواران شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ شہر اقتدار میں شام اور رات کے وقت سردی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

کراچی میں رواں سال موسم گرما کی قبل از وقت آمد کے باعث شہر قائد میں دن کے وقت گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اسی دوران شہر کا فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا اور پاکستان کے آلودہ شہروں میں کراچی چھٹے نمبر پر ہے۔ کراچی کی ہوا میں آلودہ ذرات (PM2.5) کی مقدار 158 مائیکروگرام فی کیوبک میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے 9 اور 10 فروری کے دوران خیبرپختونخوا اور شمالی علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان شامل ہیں۔

 9 فروری کی شام سے 10 فروری کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں چند مقامات پر بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ لاہور میں اس دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور جنوبی اضلاع میں تیز ہوائیں یا آندھی کا امکان ہے۔

9 اور 10 فروری کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش، تیز ہوائیں اور برفباری متوقع ہے۔ متاثرہ علاقوں میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شگر اور کشمیر کے نیلم ویلی، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں۔