عابد چودھری:لاہور کے علاقے مناواں میں نجی سوسائٹی کے رہائشی تیمور اسلم کے مبینہ اغوا کا واقعہ پیش آیا ہے، جس پر پولیس نے فوری کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق مناواں پولیس اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق تیمور اسلم کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گیا تھا کہ نامعلوم افراد نے اسے مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ اغوا کاروں نے بعد ازاں مغوی کی بیوی مریم کے موبائل فون پر رابطہ کرکے 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق اغوا کاروں نے تاوان کی رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا کہا جبکہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں تیمور اسلم کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔
پولیس نے مغوی کی بیوی مریم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع کی مدد سے ٹریس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال نے ایس ایچ او مناواں کو مغوی کی فوری بازیابی کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیمور اسلم کو جلد بازیاب کروا لیا جائے گا۔