ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے  تاہم شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ ،گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے۔

 سورج کی تیز تپش کے باعث شہر  لاہور کا موسم مزید گرم اور مرطوب ہوتا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد تک پہنچ چکا ہے جس کے باعث حبس میں بھی اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے موسم متغیر رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج شہر میں 20 فیصد تک بارش کا امکان موجود ہے، تاہم آئندہ ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو موسم کو کچھ حد تک معتدل کر سکتی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مون سون سیزن میں اب تک 15 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، جو معمول سے زیادہ ہیں۔

شہر قائد میں آج موسم جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح کم سے کم درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث موسم کافی مرطوب اور حبس زدہ محسوس ہو رہا ہے۔ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو موسم کو کچھ حد تک معتدل رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ماہرین موسمیات کے مطابق شہریوں کو مرطوب موسم کے پیش نظر زیادہ پانی پینے اور بلا ضرورت دھوپ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورشدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

 محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں صبح اوررات کے اوقات میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، پنجاب میں راولپنڈی،لاہور،گوجرانوالہ اوردیگرشہروں میں شام کے وقت بارش ہونے کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں بارش ہو سکتی ہے۔

 بلوچستان اور سندھ میں موسم گرم، ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔