راؤ دلشاد حسین: پنجاب حکومت نے کورونا کے حوالے سے پابندیوں میں ترمیم کر دی،پنجاب کے چار ہائی رسک اضلاع میں ان ڈور شادی تقریبات کی پابندی ایک دن کے لیے موخر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا کی چوتھی لہر سے بچاؤ کے پیش نظر پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے. لاہور، ملتان ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ان ڈور شادی تقریبات پر پابندی لگادی گئی. 9 اگست سے 31 اگست تک ان چار شہروں میں ان ڈور شادی تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی.
ان چار شہروں میں آوٹ ڈور تقریبات کی 400 افراد کے ساتھ کورونا ایس او پیز کے تحت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت نے چند دن قبل 8 اگست سے ان چار اضلاع میں ان ڈور شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی لگائی تھی۔ ان اضلاع کے علاوہ باقی اضلاع میں ان ڈور شادی تقریبات کی ایس او پیز کےتحت اجازت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ کے پیشِ نظر مختلف سیکٹرز کے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط ملحوظ خاطر رکھیں، صرف اور صرف ویکسینیشن ہی کورونا وائرس کے خلاف واحد اور موثر علاج ہے۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کا فوری طور پر ویکسین لگوانا ناگزیر ہے جبکہ اس سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی اور فوری لگوائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔تمام سنٹرز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے، کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایات کے لئے1033 پر رابطہ کریں۔