مریم نواز کی گرفتاری، لیگی رہنما آپے سے باہر

مریم نواز کی گرفتاری، لیگی رہنما آپے سے باہر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعود بٹ ) مریم نواز کی گرفتاری، مسلم لیگی کارکنان اور سینئر قیادت کی نیب لاہور آمد، وفاقی حکومت اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی۔

مریم نواز شریف اور یوسف عباس شریف کو نیب لاہور نے چودھری شوگر مل کیس میں گرفتار کیا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی کال پر لیگی کارکنان نیب دفتر کے باہر پہنچے۔ کارکنان نے ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعرے بلند کیے، لیگی کارکنان اور پولیس اہلکاروں میں نیب لاہور کے دفتر کے باہر سے ہٹنے کے معاملے پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ن لیگ کے سابق صوبائی وزیرخواجہ عمران نذیر، رانا مشہود، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، عظمیٰ بخاری، غزالی سلیم بٹ اور راؤ شہاب الدین سمیت متعدد کارکن نیب لاہور کے باہر پہنچے۔ لیگی رہنماؤں کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان اپنی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے مریم نواز سے خوفزدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کی بجائے اپوزیشن کی گرفتاریاں کرائی جارہی ہیں تاکہ اصل مسئلے سے سب کی نظریں ہٹائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے پر مریم نوازنے احتجاج کی کال دی جس پر ان کو گرفتار کرلیا گیا۔

لیگی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو ہدایات جاری کی گئی کہ کل مریم نواز سے اظہارِ یکجہتی کے لئے احتساب عدالت کے باہر پہنچیں جس پر لیگی کارکنان نیب لاہور کے باہر سے منتشر ہوگئے۔