اشرف خان:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 7 اپریل 2026 کو ایک اہم مالیاتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ارب 43 کروڑ ڈالر کے بین الاقوامی بانڈ کی بروقت ادائیگی مکمل کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس بانڈ کی اصل رقم 1.3 ارب ڈالر تھی جبکہ باقی رقم سود کی مد میں ادا کی گئی۔ ادائیگی ایجنٹ بینک کے ذریعے کی گئی، جو رقم کو براہِ راست بانڈ ہولڈرز تک منتقل کرے گا۔
یہ بانڈ 8 اپریل 2026 کو میچور ہونا تھا، لیکن اسٹیٹ بینک نے بروقت ادائیگی کر کے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا ہے۔
مالی ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی مالیاتی ذمہ داریوں کو بروقت ادا کرنے کی صلاحیت اور بین الاقوامی مالیاتی منڈی میں ملک کی ساکھ کو بہتر بنانے کی عکاسی کرتا ہے۔
اس کامیاب ادائیگی کے بعد پاکستان کی عالمی مالیاتی پوزیشن پر مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، جبکہ سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان اعتماد میں بھی اضافہ متوقع ہے۔