سٹی42:پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گرمی کی شدت میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ درجہ حرارت میں 4 سے 7 ڈگری تک اضافے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بڑے شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے کا خطرہ ہے اور ڈی سیز کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کو بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
کسانوں کو ہیٹ ویو کے فصلوں پر اثرات سے آگاہی دی جائے گی اور عوامی اجتماع والی جگہوں پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ویٹرنری کیئر سینٹرز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے جانوروں کی منڈیوں میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں، پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔