سٹی 42: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی حکومت میں بھرتیوں سے متعلق اصلاحات کے لیے قائم کمیٹی کا دوسرا اور آخری اجلاس منعقد ہوا ۔نائب وزیر اعظم نے کمیٹی کی رپورٹ کو حتمی منظوری کے لیے وزیر اعظم کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
کمیٹی وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت میں بھرتیوں کے مجوزہ اصلاحاتی اقدامات اور نیشنل جاب پورٹل کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے قائم کی گئی تھی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سفارشات اور اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز شامل کرنے سے مشروط رپورٹ کی منظوری دے دی۔انہوں نے رپورٹ کو حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اصلاحات سے تیز، شفاف، میرٹ پر مبنی اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بھرتیوں کا نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ اصلاحات کے باوجود وفاقی حکومت میں بھرتیوں کا اختیار حکومت کے پاس ہی برقرار رہے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹری کابینہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سینئر حکام اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔