ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتیوں پر 31 دسمبر 2026 تک پابندی عائد کردی گئی۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ کی پوسٹنگ اور تبادلوں پر پابندی 31 دسمبر 2026 تک نافذ رہے گی۔ تاہم ترقی پانے والے اور نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کی تعیناتی پابندی سے مستثنیٰ ہوگی نئے قائم کیے گئے اسکولوں کو فعال کرنے کے لیے ضروری تعیناتیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے نصاب میں گلوبل سٹیزن شپ کے نام سے نیا مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیا مضمون 100 نمبروں کا الگ مضمون ہوگا۔ یونیسیف کے تعاون سے اسے اگلے تعلیمی سال سے نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ مضمون میں بین الاقوامی شہریت، عالمی سطح پر طلبہ کے حقوق و ذمہ داریوں اور ذمہ دار شہری بننے کی اہمیت پر توجہ دی جائے گی۔
پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پی ای سی) نے مضمون کے تعارف کے حوالے سے یونیسیف سے مشاورت شروع کردی ہے۔ یونیسیف سے کورس سے متعلق نصابی کتب اور دیگر تعلیمی مواد کی طباعت کے لیے فنڈ فراہم کرنے کی بھی توقع ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق مضمون کا مقصد عالمی برادری کے بارے میں طلبہ کی سمجھ کو وسیع کرنا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں اور کردار کو بہتر طور پر سمجھنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔