ویب ڈیسک: ایشین کرکٹ کونسل نے ایشین گیمز 2026 میں ہونے والے مینز اور ویمنز کرکٹ مقابلوں کا شیڈول جاری کردیا، پاکستان ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ 17 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
ویمنز کرکٹ کے سیمی فائنلز 20 ستمبر کو ہوں گے جبکہ فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ 22 ستمبر کو کھیلا جائے گا مینز کرکٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 24 سے 26 ستمبر تک ہوگا۔ پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا سیڈڈ ٹیموں میں شامل ہیں جو براہ راست کوارٹر فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان مینز ٹیم 28 ستمبر کو گروپ بی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلے گی، جبکہ دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو ہوں گے مینز کرکٹ کا فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلے 17 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
ایشین گیمز 2026 جاپان کے شہر آئیچی ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک منعقد ہوں گے، پاکستان مینز اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر) شامل ہیں۔