جنید ریاض : پنجاب بھر میں سکول ٹیچر انٹرنز (ایس ٹی آئیز) کے کنٹریکٹ میں توسیع کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہوسکا، تاہم محکمہ سکول ایجوکیشن نے 25 ہزار ایس ٹی آئیز کو بغیر باقاعدہ نوٹیفکیشن سکولوں میں اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
سیکرٹری سکولز ایجوکیشن مدثر ریاض ملک کے مطابق اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے دو مرحلوں میں ساڑھے 12 ہزار ایس ٹی آئیز بھرتی کیے گئے تھے، جبکہ مجموعی طور پر پنجاب بھر میں 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز خدمات انجام دے رہے ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام ایس ٹی آئیز کو سکولوں میں اپنی تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سے تمام ایس ٹی آئیز کو تنخواہیں جاری کی جائیں گی۔
مدثر ریاض ملک کے مطابق ایس ٹی آئیز کے کنٹریکٹ میں توسیع سے متعلق سمری منظور ہوتے ہی انہیں مقررہ وقت کے مطابق تنخواہیں بھی جاری کردی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر کے 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز کا کنٹریکٹ 22 مئی کو ختم ہوگیا تھا۔ تاہم ایس ٹی آئیز کا مؤقف ہے کہ باقاعدہ نوٹیفکیشن نہ ہونے کے باعث بعض سکول سربراہان انہیں سکولوں میں تدریسی خدمات انجام دینے کی اجازت نہیں دے رہے۔
سکول ٹیچر انٹرنز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹریکٹ میں توسیع کا فوری طور پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ وہ بلا رکاوٹ سکولوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔