کلیم اختر: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ( ایس ای سی پی) نے پاکستان کی بزنس ریڈی رینکنگ مزید بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔
ایس ای سی پی کے مطابق پاکستان بزنس انٹری کیٹیگری میں 101 معیشتوں میں 17ویں نمبر پر ہے، جبکہ اس کیٹیگری میں پاکستان کا اسکور 86.64 ہے کمیشن کے مطابق کمپنیوں کی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے بعد ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق معلومات ایف بی آر کو خودکار نظام کے ذریعے دستیاب ہیں، جبکہ ایس ای سی پی، ایف بی آر اور بورڈ آف انویسٹمنٹ اضافی معلومات کے باہمی تبادلے کیلئے تعاون کریں گے۔
ماحولیاتی تقاضوں اور اجازت ناموں سے متعلق معلومات کا لنک بھی ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کیا جائے گا، جبکہ ایس ایم ایز اور خواتین کاروباری افراد کیلئے سرکاری معاونتی پروگراموں کی معلومات بھی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔
ایس ای سی پی نے نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں سے متعلق صنفی بنیاد پر اعدادوشمار بھی جاری کردیئے ہیں، جن میں مرد و خواتین شیئر ہولڈرز، ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹوز اور حقیقی مالکان سے متعلق معلومات شامل ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی ڈائریکٹرز اور حقیقی مالکان سے متعلق صنفی بنیاد پر ڈیٹا سیٹ بھی تیار کرکے شائع کیا جائے گا۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے شفافیت، معلومات تک رسائی اور اداروں کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ کاری مزید بہتر ہوگی، جبکہ پاکستان کی بزنس ریڈی کارکردگی اور رینکنگ میں مزید بہتری کی توقع ہے۔