ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11 منزلہ عدالتی عمارت میں 12 ججز کو عدالتیں الاٹ کردی گئیں، جبکہ تمام متعلقہ ججز نے نئی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا آغاز بھی کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی گنجائش بڑھانے کے لیے قائم کی جانے والی نئی 11 منزلہ عمارت میں ججز کی عدالتیں مختلف منزلوں پر قائم کردی گئی ہیں۔ نئی عمارت میں عدالتیں الاٹ ہونے کے بعد ججز نے اپنے نئے کمرۂ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت شروع کردی۔نئی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر چار ججز کو عدالتیں الاٹ کی گئی ہیں۔ گراؤنڈ فلور پر جسٹس محمد امجد رفیق، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر اور جسٹس خرم محمود صادق مقدمات کی سماعت کریں گے۔پہلی منزل پر بھی چار ججز کی عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔
یہاں جسٹس مزمل اختر شبیر، جسٹس عاصم حفیظ، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس رسال حسن سید کو عدالتیں الاٹ کی گئی ہیں۔اسی طرح نئی عمارت کی دوسری منزل پر جسٹس جاوید اقبال وینس، جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس وقار حیدر اعوان کی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں۔عدالتوں کی نئی عمارت میں ججز کی منتقلی کے بعد 12 ججز نے اپنے نئے کمرۂ عدالتوں میں مقدمات کی سماعت شروع کردی ہے۔ اس اقدام سے لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی امور کے لیے دستیاب جگہ میں اضافہ ہوا ہے۔
نئی عمارت میں عدالتیں قائم ہونے سے ججز، وکلا اور سائلین کے لیے عدالتی کارروائی کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ مختلف منزلوں پر عدالتوں کی تقسیم کے باعث عدالتی امور کے لیے اضافی گنجائش بھی پیدا ہوئی ہے۔لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11 منزلہ عمارت میں مرحلہ وار مزید عدالتی اور انتظامی سرگرمیوں کی منتقلی بھی جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ نئی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا آغاز عدالتی ڈھانچے میں توسیع کی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔