فاران یامین:سکولوں کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کیلئے لاہور کی اہم شاہراہوں پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کردی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے سکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسران کو خود فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا ہے۔ مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقع 200 سے زائد سکولوں کے باہر وارڈنز جبکہ شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹس اور پٹرولنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اقبال ٹاؤن روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ اور کینال روڈ پر بھی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو سکول و کالج انتظامیہ کے ساتھ میٹنگز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ سکولوں اور کالجز کے باہر ڈبل لین پارکنگ، ریڑھیوں اور ٹھیلوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
انچارج ایجوکیشن یونٹ کو ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام ازسرنو شروع کرنے جبکہ انچارج ڈرائیونگ اسکولز کو سکوٹی ٹریننگ پروگرام تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔