سٹی42: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے اور میدانی علاقوں میں اسموگ کا امکان ہے۔
لاہور کا فضائی معیار ایک بار پھر خطرناک حد تک خراب ہوگیا ، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 291 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگی ہیں۔ جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ماہرینِ ماحولیات کے مطابق شہر میں اسموگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں کا سامنا ہے۔
محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔
کراچی کا موسم خشک اور گرم ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں معمولی خنکی برقرار رہتی ہے۔ آج درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شمال مشرقی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کا فضائی معیار خطرناک حد تک خراب ہو گیا ، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا۔ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 227 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، جو صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ پاکستان کے اندر کراچی پانچویں آلودہ ترین شہر کے طور پر رپورٹ ہوا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ، مری ، گلیات ، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔پنجاب کے بیشتر شہروں میں موسم سرد رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں اسموگ رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسم خشک اور سرد جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ، لوئر دیر ، کالام ، مالم جبہ ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد اور مظفرآباد میں بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 03 ، سکردو منفی 01 اور بابوسر میں 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔