ویب ڈیسک: امریکا کے صدر ڈونلڈٹرمپ نے امریکی ٹی وی فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ ایک ہفتے میں طے پا سکتا ہے، انہوں نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ ایران آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے جلد معاہدہ نہیں کرتا تو نئے حملے کریں گے۔
ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بدھ اور جمعرات کو اچانک 100 ڈالر کی سطح سے نیچے گر گئی ہیں جسکی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیشرفت کی خبریں اور توانائی کے طویل بحران کے خدشات میں کمی آنا ہے۔عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت میں تقریباً 11 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد یہ 97 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے جو اپریل کے بعد سب سے کم قیمت ہے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت گر کر 91 ڈالر کے قریب پہنچ گئی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں یہ بڑی گراوٹ ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی ہے جن کے مطابق دونوں ممالک حالیہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایک ‘یک صفحاتی مفاہمت کی یادداشت’ پر اتفاق کے قریب پہنچ چکے ہیں۔