ویب ڈیسک: پنجاب سروس ٹربیونل نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تین اعلیٰ افسران کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں اور ذمہ داران کو جواب دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پنجاب سروس ٹربیونل نے چیف آفیسر ہیلتھ ٹوبہ، ڈپٹی کمشنر ٹوبہ اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آفیسر کی تنخواہیں تاحکمِ ثانی معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مزید برآں تینوں افسران کو 11 مئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
یہ احکامات معظم ابرار بنام سی ای او ہیلتھ ٹوبہ کیس کی سماعت کے دوران جاری کیے گئے، جہاں عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ زیر غور آیا۔
چیئرمین ٹربیونل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔