ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری

پی ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے:پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ تین ماہ کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں مئی، جون اور جولائی کے دوران غیر معمولی موسم، زیادہ بارشوں اور ہیٹ ویو سے متعلق خبردار کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ مشرقی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مئی کے دوران صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ 7 سے 11 مئی کے درمیان ہیٹ ویو اور شدید گرمی کی لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مراسلہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ ماحولیات، محکمہ صحت اورمحکمہ تعلیم سمیت دیگر اداروں کو ارسال کیا گیا ہے۔

اسی طرح تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس، واسا اور ریسکیو  1122 کو بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اےعمر جاویدے کہا ہے کہ تمام محکمے وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق پیشگی اقدامات یقینی بنائیں، جبکہ شہری خراب موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور شدید گرمی میں زیادہ پانی استعمال کریں۔