ملک اشرف : لاہور ہائی کورٹ نے ای چالان اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لگائے جانے والے بھاری جرمانوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 9 مارچ کو مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کیس کی سماعت کریں گی.
چیف جسٹس عالیہ نیلم, ایڈووکیٹ محمد داؤد کی درخواست پر سماعت کریں گی ،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات اور بھاری جرمانے شہریوں کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ یکطرفہ بھاری جرمانے آئین کے آرٹیکل اور شفاف عدالتی سماعت کے اصولوں کے منافی ہیں اور شہریوں کے لیے مالی اور معاشرتی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ جرمانے بغیر مناسب سائن بورڈز، لائن مارکنگ یا عوامی آگاہی مہم کے لگائے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے شہری غیر ارادی طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس اقدام کو درخواست گزار نے غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بھاری جرمانوں کو آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا جائے تاکہ شہریوں پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے،عدالت نے درخواست گزار وکیل کو اپنا ٹریفک قوانین کے خلاف کیا گیا ای چالان جمع کروانے کے لیے مہلت دے رکھی ہے.