جنید ریاض:پنجاب میں اساتذہ کی انگریزی زبان کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سےوزیراعلیٰ نے سمری منظوری کے بعد جائزہ لینے کابینہ کمیٹی کو بھجوادی ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں تقریباً 50 ہزار اساتذہ کی انگریزی زبان کی مہارت بہتر بنانے کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے لیے فنڈز پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔ منصوبے کے تحت بجٹ کے تخمینے اور دیگر مالی معاملات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری پنجاب ایجوکیشن اسسمنٹ کمیشن (PEAC)کو سونپ دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اساتذہ کی تربیت اور انگریزی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے برٹش کونسل کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں مختلف حکومتیں سرکاری اسکولوں میں مؤثر طور پر انگلش میڈیم نظام نافذ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں، تاہم اس نئی تربیتی اسکیم سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔