احمدمنصور: شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں فتنہ الخوارج کے 27 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ کارروائی کے ذریعے شہید ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار عناصر کو بھی انجام تک پہنچایا گیا، جبکہ علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔