ثمرہ فاطمہ: شہر میں گرمی کا راج برقرار ہے اور سورج کی تیز تپش کے باعث درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے دوران پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی۔ مزید برآں، 12 جون تک درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب شدید گرمی کے پیش نظر لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔