رانا آزار: ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیرصدارت اجلاس میں سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں اور مختلف مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یونین کونسل سے ڈویژنل سطح تک ہونے والے سپورٹس مقابلوں کی منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ تعلیمی اداروں کی سطح پر ہونے والے مقابلوں کی تعداد اور کھلاڑیوں کی عمر کی حد کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب کے مطابق اسکول سطح پر 6، کالج سطح پر 14 اور یونیورسٹی سطح پر 19 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ اسکول کے طلبہ کے لیے عمر کی حد 16 سال، کالج کے لیے 19 سال جبکہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے لیے 25 سال مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز میں خصوصی افراد کے لیے بھی الگ سپورٹس مقابلے منعقد ہوں گے۔ مڈل اسکول، ہائی اسکول، نان فارمل تعلیمی ادارے، دینی مدارس اور نجی اسکول بھی ان کھیلوں میں حصہ لیں گے، جبکہ پنجاب بھر کے 77 ہزار تعلیمی ادارے اس میگا سپورٹس ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔