ویب ڈیسک : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارگل معرکے کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید، نشانِ حیدر، کو ان کے یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال بہادری اور قربانی ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کارگل کے معرکے میں حوالدار لالک جان شہید کی شجاعت، بہادری اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے سامنے ڈٹے رہنا حوالدار لالک جان شہید کے غیر معمولی عزم، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت اور پاکستان کے تمام شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔