سٹی 42: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے شہدا مچھ کے ورثا سے تعزیت کیلئے کل کوئٹہ جانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہاہے کہ مریم نواز کل مچھ جائیں گی ،مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کا وفد بھی مریم نوازکے ہمراہ ہوگا،وفد میں احسن اقبال، سینٹر پرویز رشید، انجینئر خرم دستگیر خان، رانا ثنااللہ، کیپٹن (ر) صفدر شامل ہیں، پارٹی قائد نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر اور پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب بھی ہمراہ ہونگے۔
مریم نواز پارٹی وفد کے ہمراہ ہزارہ برادری سے 11 کان کنوں کے قتل پر اظہار افسوس اور یکجہتی کریں گی،مسلم لیگ (ن) کا وفد سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کی جانب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرے گا۔دوسری جانب مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ میں اپنے والدکی ہدایت پرکل یہ التجا لے کر اپنی بہنوں اور بھائیوں کے پاس جا رہی ہوں کہ وہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کردیں، مجھے یقین ہے وہ اپنی بیٹی کی درخواست رد نہیں کریں گے۔
مرکزی نائب صدر ن لیگ مریم نواز کامزید کہنا ہے کہ چار دنوں اور راتوں سے اس شدید سردی میں میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ اسلام آباد کی بے حسی کو آواز دے رہی ہے۔ یہ اسلامی اخوت اور انسانی ہمدردی کے حوالے سے ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔