ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب نے انسداد سموگ کے لیے 10 ارب روپے اور کلائیمٹ ریزیلینس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے "برید پاکستان انٹرنیشنل کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے پنجاب بھر میں 100 جدید اے کیو آئی مانیٹرز نصب کیے جا رہے ہیں جو سیٹلائٹ سے منسلک ہو کر تازہ ترین فضائی معیار کا ڈیٹا فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جدید اے کیو آئی مانیٹرز کی تنصیب، بایوگیس پلانٹس اور بایوریفائنری کے قیام، زرعی سیکٹر میں ای میکانائزیشن، اور گرین ٹرانسپورٹیشن جیسے اقدامات شامل ہیں۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ  زراعت میں جدیدیت کو فروغ دیتے ہوئے کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے 60 فیصد سبسڈی پر سپرسیڈرز فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انڈسٹریل اخراج کی نگرانی کے لیے پہلی بار ڈیٹا بیسڈ میپنگ کی گئی ہے اور 50 سے زائد صنعتی یونٹس کو ایمیشن کنٹرول سسٹم کی تنصیب کے لیے مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں 27 الیکٹرک بسیں آپریشنل ہو چکی ہیں جبکہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی ریٹروفٹنگ پر کام جاری ہے۔ پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کے لیے 75 مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اورحکومت پنجاب نے اس حوالے سے قانون سازی بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب گرین ایپ اور ہیلپ لائن متعارف کروائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت  بھارت سے آنے والی اسموگ زدہ ہواؤں کے تدارک کے لیے ٹرانس باؤنڈری ڈائیلاگ کا آغازکررہی ہے تاکہ خطے میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ا سموگ اور فضائی آلودگی خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اوراس کے حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک ہونا ضروری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب انفراسٹرکچر بیسڈ ماحولیاتی بہتری کے منصوبے شروع کر چکی ہے اور دیگر صوبوں کے ساتھ بھی مشاورت جاری ہے۔ تمام اقدامات کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا ہے بلکہ ایک سرسبز اور محفوظ پنجاب کا قیام بھی یقینی بنانا ہے۔