( کاوش میمن )ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتال کا دائرہ مزید وسیع ہوگیا اورلوکل ٹرانسپورٹرز اور آئل ٹینکرز بھی ہڑتال میں شامل ہوگئے۔
لوکل ٹرانسپورٹرز بھی 8 دسمبر کی ملک گیر ہڑتال کے ساتھ کھڑے ہوگئے،ٹرانسپورٹ آف گڈز ایسوسی ایشن نے بھی 8 دسمبر کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ8 دسمبر کو دما دم مست قلندر ہوگا۔
طارق گجر نے ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات میں ہڑتال میں شمولیت کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ڈرائیورز پر ایف آئی آر کاٹ کر گاڑیوں کو بند کیا جارہا ہے ، پیر کی شام سے کراچی کی تمام بندرگاہوں پر کام بند کردیں گے ،حکومت نے ہڑتال پر مجبور کردیا ہے۔
شہزاد اعوان کاکہناہے کہ پنجاب میں موٹر وہیکل آرڈیننس ترمیم کی آڑ میں ہزاروں ڈرائیورز پر ایف آئی آر کردی گئی ہیں ،پنجاب کے ہر تھانے میں ٹرانسپورٹر کی گاڑیاں بند کردی گئی ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر سب کچھ ہورہا ہے ۔
سینئر وائس چیئرمین آئل ٹینکرزکے مطابق پنجاب حکومت ٹرانسپورٹرز پر ظلم بند کرے جبکہ خانزادہ خان محسود کاکہناہے کہ حکومت ٹرانسپورٹ سیکٹر کو دیوالیہ ہونے سے بچائے ۔