سٹی42: پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، جس میں اس معاملے پر آئینی طریقہ کار پر عملدرآمد اور قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
منظور شدہ قرارداد میں کہا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام صرف آئین، پارلیمانی عمل اور قومی اتفاق رائے کے تحت ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے قومی مفاد میں بامعنی مذاکرات شروع کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔
پاکستان بار کونسل نے نئے صوبوں کے معاملے پر قومی سیمینار منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں پارلیمانی سیاسی جماعتوں اور تمام صوبائی بار کونسلوں کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔
قرارداد کے مطابق قومی سیمینار کا مقصد وفاق کو مزید مضبوط بنانا، بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دینا اور نئے صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔