سٹی42:لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس اور اس کے اطراف کے علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ قذافی اسٹیڈیم، ہاکی اسٹیڈیم اور پنجاب اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں بھی بادل خوب برسے۔ اس کے علاوہ جیل روڈ، کینال روڈ، مال روڈ، مغل پورہ اور دھرم پورہ کے علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
کلمہ چوک، لاہور ہائی کورٹ، برکی روڈ، صدر اور کینٹ کے علاقوں میں بھی بارش سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 جبکہ کم سے کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے جبکہ 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے۔
شہریوں نے بارش کے بعد خوشگوار موسم کو سراہتے ہوئے اسے گرمی سے عارضی نجات قرار دیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں جاری بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔ واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ مشینری سمیت فیلڈ میں موجود ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہونا چاہیے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ہدایت کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں نکاسی آب کے عمل کی خود نگرانی کریں گے تاکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈی سی لاہور نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ شہری بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔