علی اکبر: لاہور سمیت صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے پر وزیراعلی پنجاب سےمستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع ۔
مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی راحت افزا کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروائی گئی ہے، قراردادمیں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے جبکہ حکومت پنجاب کورونا وائرس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔
وزیر اعلی صرف اجلاسوں تک ہی محدود رہے ،حکومت کی جانب سے عملی اقدامات نہ ہونے سے شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ہیں۔ قرارداد کےمتن میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق شہریوں کی اموات کی ذمہ داری براہ راست حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔
لہذا وزیراعلی عوام سے معافی مانگتے ہوئے فوری طورپرمستعفی ہوں۔
چند روز قبل بھی مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایک قرارداد جمع کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان آٹے کی قیمت میں غیر معمولی اضافے کو حکومت کی غفلت قرار دیتا ہے، حکومت کی ناقص حکمت عملی اور انتظامی امور پر گرفت کمزور ہونے سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت پنجاب بروقت اقدامات کرتی تو دیگر اشیا کی قیمت میں بھی اضافہ ممکن نہیں تھا،مہنگائی کے اس طوفان کے ذمہ دار براہ راست وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، ایوان وزیر اعلیٰ کی ناقص کارکردگی پر ان کی برطرفی کا مطالبہ کرتا ہے۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، اب تک پاکستان میں کورونا وائرس 52 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ 3700 سے زائد افراد مہلک وائرس کا شکار بن چکے ہیں، لاہور میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 297 تک پہنچ گئی، پی آئی اے کی ایئرہوسٹس اور ٹورنٹو کی پروازلے کرآنے والے 2 پائلٹس میں بھی کورونا کی تصدیق ہوگئی۔