ویب ڈیسک:شیخوپورہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جہلم کی لوکل گورنمنٹس کو 60 لاکھ روپے مالیت کے سیوریج ورکرز سیفٹی آلات کی فراہمی،بلدیاتی خدمات کی فراہمی اور پائیداری کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔
محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے ’’بلدیاتی خدمات کی فراہمی اور پائیداری‘‘ کے موضوع پر ایک جامع ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مقامی اداروں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
یہ تقریب پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اور جرمن ترقیاتی ادارے کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں صوبہ بھر سے بلدیاتی قیادت اور افسران نے شرکت کی۔ورکشاپ میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گل، ایم ڈی PMDFC سیدزاہد عزیز، جنرل مینیجر PMDFC محمود مسعود تمنا، اور GIZ کے نمائندوں سنجیو پوکھرال، عاصم شفیع اور صنم ارشاد بھی شریک ہوئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جہلم، شیخوپورہ اور لاہور کے بلدیاتی افسران نے بھی شرکت کی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ PMDFC اور GIZ کے تعاون سے ای-بلنگ سسٹم متعارف کروانے سے نہ صرف بلدیاتی خدمات میں بہتری آئی ہے بلکہ محصولات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کے بلز اب ای-بلنگ کے ذریعے وصول کیے جا رہے ہیں، جو شہریوں کے لیے سہولت اور شفافیت کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی پروگرامز اور وسائل کے تجزیے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔