سٹی 42: محکمہ موسمیات کے مطابق کہیں موسم گرم اور خشک تو کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے
آج رات موسم کی صورتحال کے مطابق ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تا ہم شمال مشرقی پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیراور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع کی جارہی ہے ۔ اس دوران شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش/ ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
منگل کے روز موسم کی صورتحال کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے ۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، وزیر آباد، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے تاہم ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنےکی توقع کی جارہی ہے ۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنےکے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
انتباہ:
آج( شام /رات) آندھی/جھکڑ چلنے، ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر (کچے گھر/دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔مسافروں اور سیاح حضرات سفر کے دوران محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں