(ریحان گل) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ساجد ظفر ڈال کی عدم دلچسپی اور اعتراضات کے باعث یونیورسٹی سپورٹس لیگ کا میگا ایونٹ التوا کا شکار ہوگیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب میں یونیورسٹیوں کی سطح پر میگا سپورٹس لیگ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس میں 60 کے قریب پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیز نے حصہ لینا تھا اور اس لیگ میں 10 مختلف کھیل شامل کئے گئے تھے۔
سابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر راحیل صدیقی نے دلچسپی لیتے ہوئے ایونٹ کی منظوری دی، وزیر ہائر ایجوکیشن کی زیر صدارت ایونٹ کے انتظامات پر متعدد اجلاس بھی منعقد کیے گئے، لیکن موجودہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ساجد ظفر ڈال کی عدم دلچسپی کے باعث میگا ایونٹ التوا میں پڑ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری ڈاکٹر راحیل صدیقی اور موجودہ سیکرٹری ساجد ظفر ڈال کے مابین اختلافات کے باعث اہم ایونٹ پر اعتراضات لگا دیئے گئے ہیں۔