ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

6 سے 11 مارچ کے دوران کن علاقوں میں بارش اور کہاں پڑے گی گرمی؟ الرٹ جاری

6 سے 11 مارچ کے دوران کن علاقوں میں بارش اور کہاں پڑے گی گرمی؟ الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 6 سے 11 مارچ 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا، بتایا گیا ہے کہ اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر میں اگلے چند روز کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔ 

این ڈی ایم اے  کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ 9 تا 11 مارچ کے دوران بعض مقامات پر آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں 9 سے 11 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور ابر آلود موسم کا امکان ہے۔ 

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم  رہنے کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات سمیت شمالی بلوچستان میں 7 سے 9 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور ابر آلود موسم متوقع ہے۔ اس کے علاوہ 6 سے 11 مارچ کے دوران خیبر پختونخواہ میں موسم خشک رہنے اور گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور، صوابی اور گردونواح میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ 

سندھ بھر میں خشک موسم متوقع جبکہ دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 11 مارچ کے دوران چند مقامات پرہلکی بارش اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔ اس کے علاوہ استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ کے علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ 

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ متوقع موسمی صورتحال ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بنے گی۔ خشک موسم اورگرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ فصلوں کو متاثر کر سکتا ہے ۔ کسان حضرات فصلوں میں موئثر آبپاشی کا بندو بست یقینی بنائیں۔