قیصر کھوکھر: صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر قائم کیے گئے جدید مانیٹرنگ روم کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی کے امور اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ ٹرانزیشن کے عمل کا بیشتر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر ڈویژن میں میڈیا مانیٹرنگ روم قائم کیا جائے تاکہ صفائی کے حوالے سے آگاہی اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور صفائی سے متعلق جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے تیار کی گئی شارٹ فلم بھی دیکھی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ صفائی وزیراعلیٰ مریم نواز کا خصوصی فوکس ہے اور اس مقصد کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے بالخصوص نوجوانوں کو صفائی کی اہمیت کا پیغام دیا جائے گا۔
ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ معاشرتی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے جبکہ اینٹی لٹرنگ مہم کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ صفائی کے بعد گندگی پھیلانے والوں کو جرمانے عائد کیے جائیں۔
صوبائی وزیر نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام مکمل طور پر ڈیجیٹائزڈ ہے اور شکایات پر ہونے والے اقدامات فوری طور پر سسٹم میں اپ لوڈ کیے جائیں۔