ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

این ڈی ایم اے کا الرٹ، 10 جولائی تک بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلاب کا خدشہ

این ڈی ایم اے کا الرٹ، 10 جولائی تک بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلاب کا خدشہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 6 سے 10 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 6 جولائی سے شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی نظام داخل ہوگا، جس کے باعث آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ادارے کے مطابق 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ 7 جولائی کو اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد اور بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔

البتہ پہاڑی ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی، نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال، سفری ہدایات اور سرکاری الرٹس پر عمل کریں اور تازہ معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔