سٹی42: ملک کے مختلف شہروں میں شدید سردی اور خشک موسم برقرار ہے جبکہ بالائی اور شمالی علاقوں میں دھند اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 اور کم سے کم 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد اور ہواؤں کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور ملک کے بڑے شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے، جہاں سول سیکرٹریٹ میں آلودگی کی شرح 308، کینٹ 196، اقبال ٹاؤن 175، عسکری ٹین 174، ڈی ایچ اے فیز فائیو 164 اور گلبرگ ٹو میں 160 ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت صبح کے اوقات میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 16 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ دن بھر شہر میں 9 میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ بعض علاقوں میں رات گئے ہلکی دھند پڑنے کا امکان بھی موجود ہے۔
کراچی میں بھی پارہ 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آنے والے 24 گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا۔ سائبیرین ہواؤں کے اثر سے سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے اور آنے والے دنوں میں شہر کا پارہ سنگل ڈیجٹ تک گر سکتا ہے۔ آج دن کے دوران درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار میں ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ فضائی معیار کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا کہ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 171 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں موسم ابرآلود رہے گا، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال اور خانیوال میں دھند چھائی رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سردی اور شمالی سندھ کے شہروں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور بینظیر آباد میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔