علی ساہی: پنجاب پولیس کی جانب سے انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن بدستور جاری ہے جبکہ مختلف اضلاع میں قانون کی خلاف ورزی پر 193 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 191 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر منظور شدہ 22 ہزار 755 پتنگیں، 462 دھاتی اور کیمیکل ڈوریں، اور متعدد چرخیاں برآمد کی گئیں۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث 4 ہزار 486 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہےجبکہ ان کارروائیوں کے دوران 3 لاکھ 71 ہزار سے زائد پتنگیں اور 8 ہزار 648 ڈور چرخیاں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازوں، مینوفیکچررز اور غیرقانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے لاہور میں تعینات پولیس افسران کو حکومتی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور پتنگ بازی جیسے جان لیوا عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔