سٹی42: کل سات فروری کی تاریخ پاکستان میں کرکٹ لوورز کے لئے کئی سرپرائز لا رہی ہے؛ ایک سرپرائز تو قذافی سٹیڈیم کی نئی شکل و صورت اور سہولیات کے ساتھ پبلک کے لئے رونمائی ہے دوسرا اس سے بڑا سرپرائز گرین شرٹس کے چیمپئینز ٹرافی میچوں کے لئے خاص طور سے بنوائی گئی نئی گرین جرسی کی رونمائی ہے۔ تیسرا سرپرائز یہ ہے کہ گرین جرسی اور نئے قذافی سٹیڈیم کی رونمائی کو مداح کسی ٹکٹ کے بغیر دیکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 7 فروری کو یہاں نئے تجدید شدہ قذافی اسٹیڈیم میں ایک شاندار تقریب میں آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے قومی ٹیم کی آفیشل جرسی کی نقاب کشائی کے لیے تیاری مکمل کر چکا ہے۔
سات فروری کے ایونٹ میں نہ صرف جرسی کی رونمائی ہوگی بلکہ میگا ٹورنامنٹ سے پہلے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو اور تزئین و آرائش کی تکمیل کا جشن بھی منایا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سات فروری کو قذافی سٹیڈیم میں لاہور کے شہریوں کے درمیان موجود ہوں گے۔ وہ شام 7 بجے نئے قذافی سٹیڈیم کا رسمی افتتاح کریں گے، اس کے بعد 7:30 پر نئی گرین جرسی کی نقاب کشائی کی جائے گی۔
اس شاندار تقریب میں کرکٹ لوورز ، شہباز شریف اور محسن سپیڈ کے مداحواں کو مفت داخلے کی اجازت ہوگی۔ گیٹ شام 5:30 بجے کھلنے کے ساتھ۔پی سی بی نے ایک انکلوژر کو تقریب میں شرکت کرنے والے خصوصی مہمانوں کے لیے محفوظ کر لیا ہے۔ باقی انکلوژر شہریوں کے لئے کھلے رہیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم، جس کو اب مکمل طور پر نئے سرے سے تیار کیا گیا ہے، پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 8 اور 10 فروری کو ہونے والے میچوں کی میزبانی کرنے والی سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوران توجہ کا مرکز بنے گا۔ ان میچوں سے پتہ چلے گا کہ پی سی بی کے چئیرمین محسن نقوی اور ان کی ٹیم نے چیمپئینز ٹرافی کے لئے سٹیڈیم کو کیسا تیار کیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوران قذافی سٹیڈیم میں کم از کم چار میچ ہوں گے، جن میں 5 مارچ کو دوسرا سیمی فائنل بھی شامل ہے۔
مزید برآں، اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرتا تو قذافی اسٹیڈیم میں 9 مارچ کو ٹائٹل مقابلے کی میزبانی کا امکان ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے نویں ایڈیشن کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میزبان گرین شرٹس اور دفاعی چیمپئن کیویز کے مابین ہوگا۔