(قذافی بٹ) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کوعلاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ تین مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے میاں نواز شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، سروسز ہسپتال میں عارضہ قلب کی سپیشل وارڈ اور خصوصی پروفیسرز موجود نہیں، حکومت میاں نواز شریف کو استحقاق کے مطابق طبی سہولیات دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ ان کی صحت کے متعلق تمام ریکارڈ بیرون ملک ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنا پر حکومت اچھے قدم اٹھائے اور نواز شریف کا نام فوری ای سی ایل سے نکالے۔