سٹی42: ڈیرہ بگٹی میں بھارت کے ایجنٹ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ساتھ انکاؤنٹر میں 5 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ بگٹی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ بھارت کے سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے مقابلہ کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں چھپ کر سبوتاژ کارروائیاں کرنے میں ملوث تھے۔
اس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے جدید اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کے بعد سکیورٹی فورسز پورے علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل مکمل کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اس آپریشن کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کی مہم پوری رفتار سے جاری ہے۔ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔