ویب ڈیسک: ن لیگ کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے گٹر کے ڈھکن چرانے والوں کو سر عام گولی مارنے کا مطالبہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مین ہول کا ڈھکن چوری کرنے کی وائرل ویڈیو پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایسے لوگوں کو موقع واردات پر لاکر گولی مارنے کا مطالبہ کیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’اگر ان لوگوں کا ویڈیو ریکارڈ بنا ہوا ہے تو ان کو موقع واردات پہ لا کر گولی ماریں کیونکہ یہ معصوم بچوں کے قاتل ہیں، اگر اس ویڈیو کے بعد بھی کوئی ایکشن نہیں ہوتا تو پھر سسٹم بھی ان بچوں کے قتل کا سہولت کار ہے۔
اگر ان لوگوں کا وڈیو ریکارڈ بنا ھوا ھے تو انکو موقع واردات پہ لا کر گولی ماریں۔ یہ معصوم بچوں کے قاتل ھیں۔ اگر اسکے باوجود کوئ ایکشن نہیں تو سسٹم بھی ان بچوں کے قتل کا سہولت کار ھے۔ https://t.co/eTqWg8yNax
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) December 5, 2025
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں 3 سالہ بچہ گر گیا تھا جس کی لاش کو 15 گھنٹے بعد نکالا گیا تھا، اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ڈھکن چوری کی متعدد ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن پر صارفین شدید غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔